راولپنڈی سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں نے ہمیشہ اداروں کی عزت کی لیکن مجھے نظر لگ گئی نواز شریف کو کب نظر لگتی ہے اس کا انتظار کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 2لوگ ہی خاموش ہیں میں اور نواز شریف۔
شیخ رشید کا اپنے اوپر مقدمات کے حوالے سے کہنا تھا کہ جتنے بھی مقدمات بنے وہ چلے کے دوران بنائے گئے، میرا خیال ہے کہ کیسز زیادہ ہوگئے ہیں، درخواست ہے میرے خلاف جو بھی کیس ہے اس کا مجھے پتہ ہو، چلے کے دوران ایسے شہروں میں مقدمات ہوئے جہاں کبھی گیاہی نہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ چلے کے اثرات ابھی باقی ہیں ختم نہیں ہوئے، امید ہے یہ اثرات جلد ختم ہوں گے ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے اللہ سے مدد کی امید ہے، جو ہار نہیں مانتا اللہ اس کی مدد کو آتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ آپ سیاست نہیں کرتے، جس دن الیکشن شیڈول آئے گا اس دن ہم ہی سیاست کریں گے، ابھی کسی کو سمجھ نہیں آ رہی کہ ملکی سیاست کس طرف جارہی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں کہتا ہوں الیکشن سیاسی جماعتوں کے درمیان ہونے چاہئیں، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، عوام سیاستدانوں سے زیادہ سمجھ دار ہیں۔
نواز شریف کے حوالے سے سابق وزیر کا کہنا تھا کہ 21اکتوبر کو نواز شریف واپس آیا اور 22اکتوبرکو میں واپس آیا ، میں نے ہمیشہ اداروں کی عزت کی لیکن مجھے نظر لگ گئی ، نواز شریف کو کب نظر لگتی ہے اس کا میں انتظار کروں گا۔