اسلام آباد مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بات ہوچکی ہے، آئندہ وزیراعظم رائیونڈ سے ہوگا اور الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات لڑتےہیں تو اختلافات ہوجاتے ہیں لیکن پیپلزپارٹی سےاختلاف اتنے نہیں کہ ساتھ بیٹھ نہ سکیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بات ہوچکی ہے ملک کا آئندہ وزیراعظم رائے ونڈ سے ہو گا ، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ اپریل 2022میں پوراہو گیا تھا.
لیول پلئینگ فیلڈ کے حوالے سے ن لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ ملے گی ، پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی مگرقتل یا اغواکرنےوالے کو اس جواز پر چھوڑا نہیں جاسکتا کہ اسے الیکشن لڑنا ہے،
ان کا کہنا تھا کہ ادارے مکمل طور پر غیر جانبدار ہیں،الیکشن شفاف ہوں گے ،چیئرمین پی ٹی آئی والا تجربہ ناکام ہو گیا ہے، ہم نے ملک کو بحران سے نکالا، معاشی ترقی کی جانب گامزن کیا ، ہم ترقی کے ایجنڈے کو ہی آگے لے کر چلیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق عطا تارڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پراجیکٹ کیلئے نواز شریف کو سزادی گئی، نواز شریف واحد ملزم تھے جن کا کیس نیب روزانہ سنتا تھا، نیب اسپیڈ ٹرائل کا مقصد 2018 الیکشن سےقبل نواز شریف کو سزا دلانا تھا لیکن نواز شریف کسی پراجیکٹ کے تحت واپس نہیں آئے۔