اسلام آباد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی کی چھپائی کا کام شروع کر دیا۔
الیکشن کمیشن سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن پرنٹنگ کارپوریشن سے کاغذات نامزدگی چھپوا رہا ہے، انتخابی شیڈول سے پہلے ڈی آر اوز کے پاس کاغذات پہنچا دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ریٹرننگ افسران کی ڈیمانڈ پر کاغذات نامزدگی مزید دیے جائیں گے، کمیشن ضلع کے مجموعی ووٹرز کے تناسب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی دے گا، جنرل، خواتین کی مخصوص نشستوں اور اقلیتوں کیلیے سفید رنگ کے کاغذات نامزدگی ہوں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کے بعد ملک میں عام انتخابات کروانے کیلیے 8 فروری 2024 کی تاریخ طے کر رکھی ہے۔
الیکشن کمیشن اس حوالے سے باقاعدہ تیاریوں کا آغاز کر چکا ہے۔ اس نے پولنگ اسٹیشنز سمیت پولنگ اسٹاف کی فہرستیں تیار کر لی ہیں۔
چند روز قبل نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ملاقات کی جس کا اعلامیہ جاری کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیر اعظم کو انتخابات کی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز و اسٹاف کی فہرستیں تیار کر لیں اور الیکشن مٹیریل کی پرنٹنگ کا کام اور انتخابی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے کا کام تکمیل بھی آخری مراحل میں ہے۔