چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی صدارت میں سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی کے خلاف شکایات کا جائزہ لیے جانے کے علاوہ جسٹس مظاہرنقوی کےاعتراضات پربھی غورکیاجائےگا۔
سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہرنقوی کیخلاف شکایت کنندگان کو شواہد کے ہمراہ طلب کر رکھا ہے۔
کونسل نے گزشتہ روزجسٹس سردارطارق مسعود کیخلاف شکایت مسترد کرتے ہوئے آمنہ ملک کیخلاف کارروائی کا فیصلہ بعد میں کرنے کا اعلان کیا تھا ۔
گزشتہ روز کے اجلاس میں ایڈووکیٹ اظہرصدیق کوبھی ٹویٹ کرنے کے حوالے سے نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 7 روز میں وضاحت طلب کی گئی تھی۔
گزشتہ روز کے سپریم جوڈیشل کونسل کا اعلامیہ آج جاری کیا گیا۔ جسٹس طارق مسعود کیخلاف شکایت کی کارروائی کااعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ نےتسلیم کیا کہ طارق مسعود کیخلاف شکایت نہیں بنتی۔ ان کے خلاف شکایت خارج کی جاتی ہے۔
جوڈیشل کونسل اعلامیہ کے مطابق شکایت کنندہ کیخلاف کاروائی کرنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جسٹس طارق مسعود کیخلاف شکایت ایڈووکیٹ اظہرصدیق نے ٹویٹ کی تھی، سپریم جوڈیشل کونسل نے انہیں نوٹس جاری کرتے ہوئے 7دنوں میں وضاحت طلب کرلی ہے۔