اسلام آباد جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مفاہمت اور ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ مستقبل میں مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جماعت کو اس کے حق سے محروم نہیں کرنا چاہیے اور باہمی اختلاف کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرنا کسی کے لیے بہتر نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی انتہا پسندانہ رویہ اختیار نہیں کرنا اور مسلم لیگ ن کے علاوہ دیگر جماعتوں سے بھی ہمارے روابط رہیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انتخابی ماحول میں کوئی تلخی پیدا نہیں کرنی چاہیے جبکہ ماضی میں بھی کہا گیا تھا کہ اکثریت نہ آئی تو نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بزرگوں کے حوالے سے پیغام اپنے والد کو دیا۔ بزرگ اور بچے کی سوچ میں فرق ہوتا ہے، بلاول کے بیانات میں وہی فرق نظر آ رہا ہے۔
سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ ایک الیکشن متنازعہ ہوا لیکن اب پاکستان اس کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا، الیکشن کے دنوں میں سفیر ملاقات کرتے ہیں اس لیے امریکی سفیر کی ملاقاتوں کو کوئی اور معنی نہیں دینا چاہیے۔
غزہ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں چھوٹے بچوں کو شہید کر دیا گیا جبکہ فلسطین میں اسکولز، کالجز سمیت ہر جگہ بمباری ہو رہی ہے۔ مسلم ممالک کو فلسطین کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔