کراچی رہنما استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ نئے پاکستان کی تلاش میں پھر جدوجہد کری، 27 سال جدوجہد کی لیکن پھر 9 مئی واقعہ ہوگیا۔
آئی پی پی سندھ کے صدر محمود مولوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ 9 مئی واقعے کی وجہ سے نئے پاکستان کا خواب پورا نہ ہو سکا، ان واقعات میں ملوث لوگ اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں جو ملوث نہیں تھے انہوں نے لاتعلقی کا اعلان کیا، 9 مئی کیسے ہوا اور اس کے کیا محرکات تھے پھر کبھی بتاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو بڑا بھائی کہتے تھے اب لیول پلیئنگ فیلڈ کی گلا کر رہے ہیں، ماضی میں ایک دوسرے کو گالیاں دیں پھر بھائی بنے اور اب دوبارہ جھگڑا شروع ہوگیا، پی ڈی ایم انہونی اور غیر فطری الائنس تھا اس کا انجام ایسا ہی ہونا تھا۔
سابق گورنر سندھ نے بتایا کہ پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین اور صدر علیم خان کراچی آ کر انتخابی مہم شروع کریں گے۔
پریس کانفرنس میں محمود مولوی نے بتایا کہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سمیت تمام جماعتوں سے بات ہو رہی ہے، ہم چاہتے ہیں ملک کی بہتری کیلیے سب مل کر ساتھ چلیں، آئندہ الیکشن میں کسی جماعت کے پاس اکثریت نہیں ہوگی، جب تک حکومت کی رٹ نہیں ہوگی حالات بہتر نہیں ہوں گے۔