سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 28 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل کے بجائے اسلام آباد جوڈیشل کمپلکس میں سائفر کیس کی سماعت کی، شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری ، خالد یوسف عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
جج ابوالحسنات نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی کہاں ہیں ؟ جس پر عدالتی عملے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی عدالت کو فراہم کر دی۔
جج ابوالحسنات نے کہا کہ سائفر کیس کا ٹرائل اب 29 اگست سے پہلے کی پوزیشن سے آگے بڑھے گا۔ بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کالعدم قرار دیے جانے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس میں یہ کیس کی پہلی سماعت تھی۔