مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں نے ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج میرے ساتھ انصاف ہوا، معاملات کو اللہ پر چھوڑا تھا اور اس نے مجھے سرخرو کیا، بقیہ کیسز میں بھی معاملات اللہ پر چھوڑے ہوئے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کر لیں اور احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے نواز شریف کو بری کردیا۔
نواز شریف نے عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج میرے ساتھ انصاف ہوا، اللہ کا شکر ہے، میں نے تو معاملات کو اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا ہے اور اس مالک کا بہت شکر ہے۔
جب ان سے دیگر معاملات کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ بھی اللہ تعالیٰ پر چھوڑے ہوئے ہیں۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بھی اپنے بڑے بھائی کی بریت پر بیان میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ جس نے یہ دن دکھایا، میرے قائد، بڑے بھائی، پارٹی اور خاندان کو سرخرو کیا۔
انہوں نے نواز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ بے گناہ نواز شریف نے معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اللہ نے انہیں ہر الزام سے بری کیا، قید خانے، زندان، بے بنیاد مقدمات، چادر اور چار دیواری کی پامالی، کردار کشی سمیت اذیت کا ہر حربہ اختیار کیا گیا لیکن اللہ نے سچائی واضح کردی۔