پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم پراجیکٹ نواز شریف کو مکمل طور پر مسترد کر چکی ہے، قوم 8 فروری کو ن لیگ کی سیاست کو بھی مسترد کرکے دفن کردے گی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ شریف خاندان کی لوٹ مار کے قصے دہائیوں سے زبان زدِعام ہیں، خود کو مظلوم کہنے والا آج تک اپنے دفاع میں کوئی رسید پیش نہ کرسکا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ این آر او سے خود کو سرخرو کہنے والے نواز شریف ڈیل اور ضمانتوں کا مجموعہ ہیں، ریاستی پناہ میں عدالتوں سے خصوصی معافی دلوانا بھی انہیں معصوم ثابت نہیں کرسکا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی معاشی کارکردگی کا اعتراف شہباز حکومت میں اقتصادی سروے میں کیا گیا جبکہ شہباز شریف کی 17 ماہ کی حکومت میں معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔