چیئرمین پی پی آصف زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت اور جمہوریت کا نظام بہت کٹھن ہے، الیکشن 8 یا 10 دن آگے جائیں تو فرق نہیں پڑتا
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کیس سماعت کے لیے مقرر ہونے پر چیف جسٹس کو مبارکباد دیتا ہوں۔ میں نے صدر کے اختیارات بھی پارلیمنٹ کو منتقل کیے۔ ایک کم ظرف کو ملک دیا گیا جس نے بیڑا غرق کردیا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ چارٹر آف اکانومی کرلیں۔ انتخابات کی تاریخ آگے پیچھے کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ 8 فروری سے 8 یا 10 دن الیکشن آگے جائیں تو فرق نہیں پڑتا۔ آج ہوں کل ہوں یا پرسوں الیکشن تو ہرصورت ہونے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پہلے فاٹا میں الیکشن نہیں ہوتا تھا، آج وہاں جنگ ہے۔ جو لاڈلہ جیل میں ہے اسے 30 سال میں بنایا گیا ہے۔ ہمیں یاد ہے اس لاڈلے کو حمید گل نے کیسے لانچ کیا تھا۔
سابق صدر نے کہا کہ لاڈلے نے کے پی میں افغان شہریوں کو شناختی کارڈ بنا کر دیے۔ یہ لاڈلہ اسی لیے افغان شہریوں سے زیادہ محبت کرتا ہے۔ یہ افغانوں کی سپورٹ اس لیے کرتا ہے کیونکہ اس کا اپنا ایڈوانٹج ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ اس نے کے پی میں افغان شہریوں کی جعلی فہرستیں بنائی ہوئی ہیں۔ افغان شہریوں کو جعلی شناختی کارڈ کا معاملہ الیکشن کمیشن میں اٹھایا ہے۔