پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج نواز شریف کو بری کردیا گیا، ساڑھے 5 سال انہیں کون واپس کرے گا؟
عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب رہا تو ملک نہیں چلے گا، ملک چلائیں یا نیب چلالیں۔ میرے اس بھرتیوں کے کیس کے 4 سال ہوگئے ہیں، پچھلا میرا نیب کا کیس 9 سال چلا تھا۔
نواز شریف کے بلانے پر جاؤں گا، انتخاب نہیں لڑوں گا، شاہد خاقان عباسی
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بریت سے متعلق انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ہٹا کر سزا دی گئی۔ آج ساڑھے 5 سال بعد نواز شریف کو بری کردیا گیا، لوگ کہتے ہیں انصاف ہوگیا ہے ساڑھے 5 سال ان کو کون واپس کرے گا؟
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ انصاف کا نظام نہیں، نا انصافی کا نظام ہے۔ کہتا ہوں یہ نا انصافی چھوڑیں، ورنہ ایسے ملک نہیں چل سکتا ہے۔ 3 دفعہ کے وزیراعظم کو انصاف نہیں ملا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پسندیدہ ہونے اور نواز شریف کے لاڈلا کا تاثر انتخابات کو پہلے سے متنازعہ بنا رہا ہے۔ میری جماعت کی اقتدار کی سوچ ہے، اس سے اتفاق نہیں کرسکتا۔