پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کرلی، جس میں الیکشن کمیشن کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست بیرسٹر ظفر، علی گوہر، علی امین گنڈا پور، عمر ایوب، منیراحمد بلوچ، ظاہرشاہ اور انور تاج نے جمع کروائی ہے، جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے، پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس کامران حیات میاں خیل سماعت کریں گے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو غیرقانونی قرار دیا جائے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ انٹرا پارٹی انتخابات پر سوال اٹھانا ہی غلط تھا، بلے کا نشان لینا بھی غلط ہے، واپس کیا جائے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرکے بلے کا نشان بحال کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دینے اور بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں جانے کا فیصلہ کیا تھا۔