راولپنڈی سابق وزیر خارجہ اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی کو تھری ایم پی او کے تحت پندرہ روز کیلیے نظر بند کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کا آرڈر جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ملزم 9 مئی کے مقدمات میں نامزد ہیں اور ان سے تفتیش درکار ہے لہٰذا ان کی نظر بندی کے آرڈر جاری کیے جاتے ہیں۔
آرڈر کے مطابق ملزم شاہ محمود قریشی تشدد پر اکسانے میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کرنے میں بھی ملوث تھے۔
اس میں مزید کہا گیا کہ انہوں نے سرکاری ملازمین کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کی کوشش کی لہٰذا امکان ہے جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے جس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے، موجودہ حالات میں سی پی او راولپنڈی نے سفارش کی ہے۔
آرڈر کے مطابق امن عامہ کیلیے شاہ محمود قریشی کو 45 روز کیلیے حراست میں لیا جا سکتا ہے، غیر قانونی سرگرمیوں سے بچنے کیلیے ان کو حراست میں لینے کی سفارش کی، متفقہ سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی ضروری ہے۔