میلبرن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور گرین کیپس کو میچ میں 79 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور عبد اللہ شفیق چار رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ 12 کے انفرادی اسکور پر امام الحق بھی پویلین لوٹ گئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جو 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم 41 رنز بنا کر جوش ہیزل وڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے جبکہ سعود شکیل 24 رنز بنا کر اسٹارک کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے، محمد رضوان بھی 35 رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار بنے جبکہ عامر جمال بھی بغیر کوئی رن بنائے پیٹ کمنز کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سلمان علی آغا نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ بھی صفر پر ہی آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 4 وکیٹیں مچل اسٹارک کے حصے میں آئیں اور ایک کھلاڑی کو جوش ہیزل وڈ نے شکار بنایا۔
قبل ازیں کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 186 رنز 6 کھلاڑی پر کیا اور پوری ٹیم 262 رنز پر آؤٹ ہو گئی، ایلکس کیری نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کے مچل مارش 96 رنز بنا آؤٹ ہوئے تھے جبکہ اسٹیو اسمتھ 50، پیٹ کمنز 16، نیتھن لائن 11 اور مچل اسٹارک 9رنزبنا کر پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں عامر جمال کے حصے میں آئیں۔