اسرائیلی بمباری سے مزید 162 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ، رفاہ بھی شدید اسرائیلی بمباری کی زد میں آگیا، ایک گھر پر بمباری سے پورا خاندان شہید ہو گیا۔
اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کو 90 دن مکمل ہونے پر حماس نے اعدادو شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق 7 اکتوبر سے قابض فوج نے 1876 حملے کیے جس میں شہید اور لاپتہ فلسطینیوں کی تعداد 29 ہزار 438 ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 22 ہزار 438 شہداء کی لاشیں اسپتالوں میں لائی گئیں جس میں 9 ہزار 730 بچے اور 6ہزار 830 خواتین شامل ہیں،شہدا میں 326 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے 326،سول ڈیفنس کے 42 ارکان اور 106 صحافی شامل ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق صحت کے 99 اہلکار گرفتار اور 10 صحافی حراست میں لیے گئے۔ اسرائیلی حملوں میں 19 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے، 3 لاکھ 55 ہزار افراد نقل مکانی کے نتیجے میں متعدی بیماریوں سے متاثر ہوئے ، بمباری سے 130 سرکاری عمارتیں، 93 یونیورسٹیاں ، 292 اسکول تباہ ہوئے۔
اس کے علاوہ 122 مساجد کو مکمل شہید کیا گیا،218 کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ تین گرجا گھروں کو بھی اسرائیلی فوج نے تباہ کر دیا۔ 65 ہزار ہاؤسنگ یونٹ مکمل،2 لاکھ 90 ہزار گھر جزوی تباہ ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے 90 دن میں 65 ہزار ٹن بارود غزہ پر برسایا۔