پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ سے بھی قرار داد پاس کروالیں تو بھی الیکشن آٹھ فروری کو ہوں گے۔
سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ امید ہے اس کیس میں پیپلز پارٹی کو انصاف ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ موقع ہے کہ ہم تاریخ کو درست کریں گے، امید ہے عوام اور پی پی کو انصاف ضرور ملے گا۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی غلطیاں ماننی چاہئیں، امید ہے چیف جسٹس اور دیگر ججز انصاف پر مبنی فیصلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ چیف جسٹس سمیت تمام ججز پُراعتماد ہیں، عدلیہ پر اعتماد ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کرے گی۔
بلاول نے مزید کہا کہ ہم نہیں سمجھتے ہمارے نظام میں اتنی شفافیت ہے کہ کسی کو بھی پھانسی کی سزا دی جائے، اب جو کچھ ہو رہا ہے ماضی میں اس سے بہت برا ہوا ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے بھی کہا ہے الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، اقوام متحدہ سے بھی قرارداد پاس کروا لیں لیکن الیکشن 8 فروری ہی کو ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی قرارداد میں زیادہ وزن ہے یا چیف جسٹس کی بات پر۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کراچی کی عوام پیپلز پارٹی کو موقع دیں گے، اس وقت میں تمام سیاسی جماعتوں سے مقابلہ کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پی پی نے پی ٹی آئی کو شکست دے کر کراچی سے بلدیاتی الیکشن جیتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی بے گناہ ہیں تو ان کو جیل میں نہیں ہونا چاہیے۔
بلاول نے کہا کہ ہم ذاتی انا کو دفن کرکے بہتر مستقبل کی طرف جاسکتے ہیں۔