سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان لکی مروت میں جھڑپ کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو سپاہی شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں کہا ہے کہ لکی مروت میں فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت مارے گئے۔ سپاہی محمد افضل اور سپاہی ابرار حسین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے ہتھیار، گولیاں اور دھماکاخیز مواد برآمد کرلیا ہے۔ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔
دہشت گردوں کی شناخت آفتاب عرف ملنگ اور مسعود شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گرد فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔