سیالکوٹ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جب چور حکمران بن جائیں تو دھرتی سے اللہ کی رحمت اٹھ جاتی ہے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں اس شہر میں ایک بھی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 8 فروری کو نواز شریف پھر برسر اقتدار آئے گا اور ایک بار پھر ترقی کا آغاز ہوگا جہاں سے سلسلہ ٹوٹا تھا، ہمیں سوا سال کی حکومت ملی اس میں بھی ہم نے ترقیاتی کام کیے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ان نوسربازوں سے عوام کی جان چھوٹ چکی ہے، ہم نے اپنی اصلاح نہ کی تو ایسے حادثات ہوتے رہیں گے، انہوں نے مجھ پر مقدمات بنائے ایک بھی ثابت نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ میرا کسی واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے، واقعہ ہوا ہی نہیں یہ صرف ہمدردی کیلیے پلانٹ کیا گیا ہے، ان کے لیڈر پر سارے چوری کے مقدمات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں بجلی کی قیمت 7 سے 8 روپے فی یونٹ تھی، ان کے دورمیں ملک میں ترقیاتی کام جاری تھے لیکن ایک ایسے شخص کو مسلط کیا گیا جس نے ملک کو تباہ کر دیا، 5 سال قوم اپنے حق سے محروم رہی ہے۔
دو روز قبل انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کھمبے کو بھی کھڑا کروں تو وہ جیت جائے گا، مشورہ ہے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان کھمبا ہی رکھ لیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ انٹرا پارٹی انتخابات کے مطابق تھا، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخاب میں کتنے افراد موجود تھے؟ ایک سال قبل شامل ہونے والے کو پارٹی کیلیے چنا گیا۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو عام انتخابات میں شکست نظر آ رہی ہے، پی ٹی آئی فتح کی صورت میں الیکشن قبول کرنے کی عادی ہے، یہ بند گلی میں آ چکے ہیں اور اب انہیں کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا۔