پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہمارا انتخابی نشان قلم دوات ہے جو عوام سے کیے گئے ظلم کا بدلہ لینے نکلے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے ساتھ سنگین ظلم ہوا، انہیں مہنگائی اور بیروزگاری کے جہنم میں پھینکا گیا۔ ہمارا انتخابی نشان قلم اور دوات ہے جو عوام سے کیے گئے ظلم کا بدلہ لینے میدان میں نکلے ہیں۔ 8 فروری کو این اے 56 اور 57 سے قلم دوات تاریخی کامیابی حاصل کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اور راشد شفیق اپنا الیکشن لڑنے جا رہے ہیں۔ اپنے خلاف کیسزپر اف تک نہیں کی، معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا۔ راولپنڈی کے لوگوں کو احساس ہے کہ خدمت کس کا نام ہے اور کس نے کی ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ایک ایسا شخص جس نے چلہ بھی کاٹا اور قربانی بھی دی یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کبھی کسی کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی۔ کبھی کسی کے خلاف غلط بات کی اور نہ ہی کروں گا۔