پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اب مقابلہ تیر اور شیر کا ہے ن لیگ اکیلے کھیلنا چاہتی ہے
سیاسی مخالفین کو پچ سے باہر رکھنا چاہتی ہے، پرانے سیاستدان ذاتی دشمنی پراتر آئے ہیں، ن لیگ کے ارادے جمہوری نہیں رہے، ن لیگ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، آر اوز نے ن لیگ کے دباؤ پر ہمارے کئی امیدواروں کو تیر کے نشان سے محروم کیا۔
قمبر شہداد کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں انتخابات قریب نظر آرہے ہیں، ہم جگہ جگہ جاکر عوام کا ساتھ مانگ رہے ہیں، پیپلزپارٹی کا معاشی معاہدہ عوام کے سامنے پیش کیا، پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کی بات کررہے ہیں، اب ہمیں الیکشن نزدیک نظر آرہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، پرانے سیاستدان ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جوعوام پر اعتبار کرتی ہے، عوام نئی سوچ اور نئی سیاست کا ساتھ دیں، غربت، بیروزگاری اور مہنگائی عوام کے بڑے مسائل ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام نہ روکیں، ہمارے کئی امیدواروں کو تیر کے نشان سے محروم کردیا گیا، ن لیگ اکیلے کھیلنا چاہتی ہے، تلہ کنگ سے بھی ہمارے امیدواروں کو انتخابی نشان نہیں دیا گیا
ن لیگ سیاسی مخالفین کو پچ سے باہر رکھ کر کھیلنا چاہتی ہیں، پنجاب کے صوابی کے امیدواروں کو بھی تیر کے نشان سے محروم رکھا گیا، آر اوز نے ن لیگ کے دباؤ میں انتخابی نشان سے محروم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب مقابلہ تیر اور شیر کا ہے، ن لیگ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ایسی کوئی قوت نہیں جو الیکشن کو ملتوی کرنا چاہیں گے۔