لاہور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کو لاہور سے جتوائیں گے اور وزیر اعظم بنائیں گے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمارا سفر لمبا ہے 40 سال سے سیاست کررہے ہیں جب بھی پارٹی کو سنبھالا تو پوری قیادت ساتھ چلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے لگائے ہوئے درخت کا آم کھایا ہے، جیلوں میں رہنے کا شوقین نہیں میں اپنے کارکنان کے لیے مجبور ہوں اور ہم انہی کی خواہش پر چلتے ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ کارکنان کو یقین ہوتا ہے کہ ان کا لیڈر نہیں جھکے گا۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ اور جی ڈی اے کہتی ہے پیسے نہیں ہیں اٹھارویں ترمیم ختم کرو، یہ کہتے ہیں سندھ کے حقوق پر ڈاکا ڈالو تاکہ اسلام آباد کو چلایا جاسکے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد میں وقت گزار کر آیا ہوں اور جانتا ہوں کہ پیسہ ہے یہ عوام پر خرچ نہیں کرتے، اسلام آباد میں 17 وزارتیں ہیں جو کسی کام کی نہیں، یہ 17 وزارتیں بند کرکے سالانہ 300 ارب بچا کر عوام پر خرچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کو سبسڈی کے لیے وفاقی بجٹ سے سالانہ 1500 بجٹ خرچ ہوتا ہے، عوام سے ٹیکس کا پیسہ لے کر اشرافیہ کو سبسڈی دی جاتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم بنائیں اشرافیہ کی 1500 ارب کی سبسڈی ختم کرکے عوام پر خرچ کروں گا، میرا ساتھ دیں عوام کا حق اسلام آباد سے چھین کر عوام کو دوں گا۔