نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بتایا ہے کہ عدلیہ مخالف مہم کیخلاف جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے جس پر تحقیقاتی ادارے اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے خلاف گھٹیا مہم کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔ عدالتی فیصلے عوام کی ملکیت ہوتے ہیں، عدم برداشت اور جھوٹ کے کلچر کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ عدلیہ مہم کے خلاف تشکیل کردہ جے آئی ٹی میں آئی بی، آئی ایس آئی، ایف آئی اے اور پی ٹی اے کے ممبران شامل ہیں۔ تحقیقاتی ادارے اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر لوگوں کو انتباہ کرنا ہے کہ ایسی سرگرمیوں سے باز آجائیں۔ آئین کے آرٹیکل 19 میں آزادی اظہارِ رائے کی بات کی گئی ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے انتشار پھیلانے والوں کو تنبیہ کرتا ہے۔ ریاست یا ریاستی اداروں کیخلاف انتشار پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔ مکمل تحقیقات کے بعد پتہ چلے گا کہ کون کون مہم میں ملوث ہے۔