پاکستان بھر میں 2024 کے عام انتخابات جہاں دنوں کے بجائے اب کچھ گھنٹوں کی مسافت پر ہیں، وہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز کی آسانی کیلئے ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار اور ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق ووٹ ڈالنے کے لیے اصلی شناختی کارڈ کا ساتھ ہونا لازم ہے۔ شناختی کارڈ کی کاپی یا سافٹ کاپی قابلِ قبول نہیں ہوگی جبکہ زائد المعیاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالا جا سکتا ہے۔
ای سی پی کی ہدایات کے مطابق ووٹ کے لیے پاسپورٹ، بے فارم یا ڈرائیونگ لائسنس قابل قبول نہیں ہوگا۔ پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے بعد ووٹر کو اپنا اصل شناختی کارڈ پریزاڈنگ افسر کو دینا ہوگا۔
شناختی کارڈ پولنگ افسر کے حوالے کرنے کے بعد ووٹر کے دائیں انگوٹھے پر اَن مِٹ روشنائی سے نشان لگایا جائے گا۔ پریزائیڈنگ افسر ووٹر کی تصویر کے سامنے انگوٹھے کا نشان لگوائے گا اور ووٹر کا نام ووٹر فہرست سے کاٹ دے گا۔
اگلے مرحلے میں اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کی طرف سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے بیلٹ پیپرز دیے جائیں گے۔ قومی اسمبلی سبز اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر دیا جائے گا۔
اس کے بعد ووٹرز ووٹنگ اسکرین کے پیچھے صوبائی و قومی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز پر امیدوار کے نام یا انتخابی نشان پر مہر لگائیں گے۔
آخری مرحلے میں ووٹر کو بیلٹ پیپر فولڈ کرکے بیلٹ بکس میں ڈالنا ہوگا۔ بیلٹ پیپر تہہ کرنے سے قبل یہ بات یقینی بنانا ضروری ہے کہ مہر کی سیاہی سوکھ چکی ہو۔