لاہور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔
این اے 128 پر ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ ایسی حکومت آئے جو محبت و یگانگت، خیرسگالی جذبات کے پھول نچھاور کرے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات بہت مناسب ہیں، عوام کے ہاتھ میں پاکستان کی تقدیر ہے، اللہ نے موقع دیا تو مل کر پاکستان کو بنائیں گے۔ پاکستان کی ترقی کیلئے ووٹ ڈالیں گے تو ملک کی تقدیر بدلے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور بارہویں عام انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔
ملک بھر کے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقے ہیں جن کیلئے ملک کی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں۔ 882 خواتین امیدوار، 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
آج 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے جبکہ 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔
پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر ہو گا۔