لاہور سابق صدر آصف زرداری اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف میں مل کر حکومت کرنے پر اتفاق کرلیا، حکومت سازی کیلئے دونوں جماعتیں رائے پیش کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی رہائش گاہ پر پیپلزپارٹی اور ن لیگ قیادت کے درمیان بڑی بیٹھک ہوئی۔
سابق صدر آصف زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں آئندہ حکومت سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، شہبازشریف نے نواز شریف کا پیغام آصف زرداری کو پہنچایا کہ سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے دونوں جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
آصف زرداری اور شہباز شریف میں مل کر حکومت کرنے پر اتفاق کرلیا، حکومت سازی کیلئے دونوں جماعتیں رائے پیش کریں گی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ ملاقات میں معاملات کو مشاورت کے ساتھ حتمی شکل دی جائے گی۔
گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کارکنان سے خطاب میں مل بیٹھ کر مشترکہ حکومت بنانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو پارٹیاں کامیاب ہوئی ہیں ان کو بھی دعوت دیں گے کہ مل کر حکومت بنائیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ آج ہی آصف زرداری سے ملاقات کریں، شہباز شریف ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ملاقات کریں، موجودہ حالات تقاضہ کرتے ہیں کہ سب مل کر ملک کو بھنور سے نکالیں، شہباز شریف کو مینڈیٹ دیا ہے۔