پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی ساری کارروائی مکمل طور پر آئینی طریقے سے ہوئی اور ہم نے آئینی طریقے سے بانی پی ٹی آئی کو نکالا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مولانا جن واقعات کا ذکر کر رہے ہیں، نہ میں وہاں موجود تھی نہ میں نے ایسا کچھ سنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کی سیاست ختم نہیں ہوئی، ان کی سیاسی میراث یہ ہے کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم اور پنجاب کی وزیر اعلیٰ کو نامزد کررہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ یہ لوگ کبھی کہتے ہیں 180 نشستیں اور کبھی 150 نشستیں جیتنے کا دعویٰ کرتے ہیں اور کبھی کہتے ہیں حکومت بنائیں گے، تو پھر بنالیں حکومت۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں الیکشن کمیشن نے کوئی دھاندلی نہیں کی، پنجاب میں جہاں جیتے ہیں وہاں الیکشن کمیشن کو شاباش اور جہاں ہارے ہیں وہاں الیکشن کمیشن کا گھیراؤ اور احتجاج کریں گے۔
ترجمان ن لیگ نے مزید کہا کہ کے پی میں سارے فارم 45 ٹھیک ہیں، پنجاب میں جہاں ہارے ہیں وہاں کے سب فارم 45 جعلی ہیں اور جہاں جیتے ہیں وہاں کے فارم 45 سب ٹھیک، یہ کیا دماغی حالت ہے ؟