جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمداللّٰہ نے کہا ہے بلاول بھٹو زرداری سے پوچھ لیں کیا وہ اس سیاسی شادی پر خوش ہے
حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے پوچھ لیں وہ اس سیاسی شادی پر خوش نہیں ہیں، جے یو آئی کا پیغام واضح ہے فی الحال تو پارلیمنٹ جائیں گے، پارلیمنٹ میں بھی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے اور باہر بھی سسٹم کے خلاف تحریک چلائیں گے۔
انہوں نےکہا کہ معاہدہ تو یہ ہونا تھا کہ بیروزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کیسے کریں گے، وہاں بدقسمتی سے اقتدار اور کرسیوں کی تقسیم کی بات کی جا رہی تھی، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے پاور شیئرنگ کی اور عوام کے لیے ایک لفظ نہیں تھا۔
جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت اس قسم کی حکومت کا حصہ نہ بنتی ہے اور نہ بنے گی، جو حکومت انہوں نے بنائی ہے یہ صرف اقتدار کے لیے ہے، قوم کی ترقی کے لیے نہیں، دونوں بڑی جماعتیں کل اقتدار میں نہیں تھیں تو کہتی تھیں کہ دھاندلی ہوئی آج اقتدار میں جارہے ہیں تو کہتے ہیں دھاندلی نہیں ہے، سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے شفاف الیکشن کا ہونا ضروری تھا۔