سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے درخواست دائر کر دی ہے۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بعد یہ جماعت خیبرپختونخوا اسمبلی میں سنگل لارجسٹ پارٹی جب کہ قومی اور پنجاب اسمبلی میں دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے تاہم الیکشن کمیشن نے اس جماعت کو عام انتخابات میں جیتی ہوئی نشستوں کے تناسب سے مخصوص نشستیں دینے سے انکار کر دیا اور اس کی نشستیں دیگر جماعتوں کو الاٹ کر دی گئیں۔
سنی اتحاد کونسل نے اب مخصوص نشستوں کے لیے ایک بار پھر قانون کا دروازہ کھٹکھٹا لیا ہے اور پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے ان نشستوں کے حصول کے لیے درخواست دائر کر دی ہے جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ منتخب آزاد اراکین سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئے ہیں اور اب ہم سنی اتحاد کونسل کا حصہ ہیں۔