وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے سفارت کاروں کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور امید ہے کہ وہ ان چیلنجز پر پوری توجہ دیں گے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فارن سروسز اکیڈمی میں 38 ویں اسپیشلائزڈ ڈپلومیٹک ٹریننگ کورس میں شامل افسران کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فارن سروس اکیڈمی کو تکنیکی سہولیات اور تربیت کے لحاظ مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ تیزی سے رونما ہونے والی عالمی تبدیلیوں میں پاکستان کے لیے جہاں بہت سے مواقع موجود ہیں وہاں ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا بھی ہے اور ہمارے سفارت کاروں کو ان چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے سفارت کاروں نے تجارتی اقتصادی مواقعوں کو بہترین سفارت کاری سے خطے میں اور عالمی سطح پر بروئے کار لانا ہے جب کہ مجھے اپنے سفارت کاروں پر اعتماد ہے کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں سے دنیا بھر میں پاکستان کی بہترین نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے ڈپلومیٹس پوری تندہی سے ملک و قوم کی خدمت کریں گے جب کہ ہمیں معاشی سفارتکاری پر بھی بھرپور توجہ دینا ہو گی۔