اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کو 8 کروڑ 62 لاکھ ڈالرز قرض فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
اے ڈی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق رقم پاکستان کو ترقیاتی قرضے کی مد میں فراہم کی جائے گی، فراہم کردہ رقم ایوی ایشن فیول کے مستحکم ذخائر بنانے کے لیے استعمال ہوگی، اس رقم سے شیخوپورہ میں ایوی ایشن فیول کا نجی ذخیرہ قائم کیا جائے گا، پاکستان کو یہ رقم انفراسٹرکچر قرضے کے سلسلے میں کلائمیٹ سپورٹ کے تحت فراہم کی جائے گی، رقم کے ذریعے ایوی ایشن انڈسٹری میں کاربن کی مقدار کم کرنے میں مدد ملے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ حال ہی میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسو گواسا کاوا نے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالرز کی امداد دینے کا اعلان کیا تھا، اے ڈی بی کے صدر نے یہ اعلان صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات کے دوران صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے مساتسو گواسا کاوا کو پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر صدر ایشیائی بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا ہے، ان مسائل سے نمٹنے کیلئے اے ڈی بی اگلے 3 سال میں پاکستان کو 2 ارب ڈالر کی سالانہ امداد فراہم کرے گا، اسی طرح پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ گھروں، انفرااسٹرکچر کی تعمیر اور سندھ میں صحت کی بنیادی سہولتوں کی بحالی کیلئے بھی اے ڈی بی نے 40 کروڑ ڈالر کی امداد فراہمی کی منظوری دی۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار ہے، بینچ مارک 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران تیزی دیکھی جارہی ہے جہاں ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس میں ایک ہزار پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس ایک لاکھ 6 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔