لاہور: سعودی فٹبال کلب النصر کے سابق گول کیپر ولید عبداللہ نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اسلام کی تعلیمات اور سعودی عرب کی ثقافت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور ممکنہ طور پر اسلام قبول کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ایک ٹی وی شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ولید عبداللہ نے کہا کہ رونالڈو، جو النصر کلب کے لیے کھیل رہے ہیں، نے کئی مواقع پر اسلام کے بارے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے رونالڈو سے اس حوالے سے بات کی اور انہوں نے اسلام کی تعلیمات کو بہت متاثر کن قرار دیا۔
ولید نے مزید انکشاف کیا کہ ٹریننگ کے دوران جب اذان ہوتی ہے تو رونالڈو خود کوچ سے درخواست کرتے ہیں کہ ٹریننگ روک دی جائے تاکہ ان کے ساتھی کھلاڑی نماز ادا کر سکیں۔
انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ مئی 2023 میں النصر کے لیے ایک گول کرنے کے بعد رونالڈو نے میدان میں سجدہ کیا تھا، جس پر ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔
ولید کے مطابق، رونالڈو نہ صرف اسلامی روایات کو قریب سے دیکھ رہے ہیں بلکہ وہ کھلاڑیوں کو نماز کی اہمیت اور اسلامی اصولوں کی پیروی کی ترغیب بھی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رونالڈو اسلام قبول کریں یا نہ کریں، لیکن ان کی لگن اور ڈسپلن نے انہیں آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔ ہر وہ شخص جو سعودی عرب آتا ہے، رونالڈو کے کردار سے متاثر ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب النصر کے ساتھ ڈھائی سالہ معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت انہیں 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز معاوضہ دیا جا رہا ہے۔
رونالڈو کی سعودی عرب واپسی کے دوران “السلام علیکم” کہنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس نے دنیا بھر میں لوگوں کو حیران کیا تھا۔