وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ ملک میں جمہوریت، آئین اور اٹھارہویں ترمیم کو کوئی خطرہ نہیں، پاکستان میں فیصلہ کن قوت صرف اور صرف عوام ہیں اور وہ فیصلہ کرچکے ہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے حج پالیسی سے متعلق کہا کہ خواہش ہےکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی فریضہ حج ادا کرسکیں، چاہتے ہیں کہ عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیل اگر ہوئی ہے تو پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے درمیان ہوئی ہے،کل تک پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ باہم دست و گریبان تھے، آج دونوں مک مکا کربیٹھے ہیں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت، آئین اور اٹھارہویں ترمیم کو کوئی خطرہ نہیں، اٹھارہویں ترمیم پر سیاسی جماعتیں غیر ضروری واویلا کررہی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان میں فیصلہ کن قوت صرف اور صرف عوام ہیں اور وہ فیصلہ کرچکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی پی اور (ن) لیگ کے رہنماؤں پر مقدمے ہمارے دور میں نہیں بنے۔