سابق وزیر اعظم نواز شریف کا آج تیسرے روز بھی سروسز اسپتال میں علاج جاری ہے۔ نواز شریف کے بائیں گردے میں پتھری تشخیص ہوئی ہے جب کہ ٹروپ آئی ٹیسٹ نیگیٹیو آیا ہے۔
نواز شریف کے گزشتہ روز ہونے والے الٹرا ساؤنڈ اور ایکسرے کی رپورٹس آج میڈیکل بورڈ کو پیش کی جائیں گی جب کہ سی ٹی اسکین رپورٹ میں بائیں گردے میں پتھری تشخیص ہوئی ہے۔
ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق نواز شریف کے بائیں گردے میں تین ملی میٹر کی دو پتھریاں موجود ہیں جب کہ میڈیکل بورڈ دوائی یا مشین کے ذریعے گردے سے پتھری نکالنے کا فیصلہ کرے گا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم کے دل کا ٹروپ آئی ٹیسٹ نیگیٹیو آیا ہے جس کا مطلب ہے کہ نواز شریف کو دل کا دورہ نہیں پڑا ہے۔ نواز شریف کے دل میں مرض کے حوالے سے پرانے مسائل چل رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: نواز شریف مختلف امراض میں مبتلا، میڈیکل بورڈ جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش
نواز شریف کے ہارٹ اٹیک جاننے کے لیے خون کے نمونے ٹروپ آئی ٹیسٹ کے لیے پی آئی سی بھجوائے گئے تھے۔
سابق وزیر اعظم کو کارڈیک ٹیسٹ کے لیے آج پی آئی سی اسپتال لے جائے جانے کا امکان ہے جب کہ ٹیسٹوں کے بعد دوبارہ نواز شریف کو جیل منتقل کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
نواز شریف کے دل سمیت دیگر ٹیسٹ گذشتہ روز کیے گئے تھے جب کہ چھ رکنی میڈیکل بورڈ آج رپورٹس کا جائزہ لے گا۔ میڈیکل رپورٹس پر نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سے بھی مشاورت کی جائے گی اور ماہرامراض قلب سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے۔