محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے، پہاڑی علاقوں میں شدید سردی جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں درمیانی دُھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدیددُھند چھائے رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر ، بالائی خیبر پختونخوا ،خطہ پوٹھوہار اوربالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں کہر ا پڑنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم شدید سردی اور کہرا پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، اور مری، گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی شدت برقرار رہے گی۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی شدید سرد اور خشک موسم کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ مانسہرہ شہر اور بالائی علاقوں میں شدید سردی کی شدت برقرار ہے، مانسہرہ ناران میں درجہ حرارت منفی 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، کاغان میں منفی 14 اور شوگران میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مانسہرہ کے شہری علاقوں میں بھی درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔
انتظامیہ نے برفباری کے باعث بند ہونے والے شوگران روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے، جس کے بعد سیاح شوگران اور کاغان تک سفر کر سکتے ہیں۔
لاہور میں بھی موسم سرد اورخشک ہے جبکہ سورج کرنیں بکھیرنے لگا ،محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ جبکہ آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 186 ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا ۔ امریکی قونصلیٹ 356،فیز8ڈی ایچ اے میں شرح 245ریکارڈ، اڈا پلاٹ 236،جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 230ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کی سردی میں اضافہ ہورہا ہے اور پارہ 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جارہا ہے، رات گئے کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت موسم سرد اور خشک ہے اور موجودہ درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ہے، شمالی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9 جنوری سے سردی کی شدت میں کمی متوقع ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگا جس سے کراچی میں جاری سردی کی شدت میں کمی ہوگی، لیکن 12 جنوری سے سردی کی شدت میں پھر اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ صوبہ میں آئندہ ہفتے تک بارش کا امکان نہیں ہے۔