پاکستانی شوبز انڈسٹری کی دلکش اداکارہ و انسٹاگرام کوئین ہانیہ عامر کی دلومیناتی کنسرٹ میں گلوبل سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ کے ہمراہ اسٹیج شیئر کرنے کی ویڈیو نے جہاں مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا وہیں اب بھارتی میڈیا پر دونوں اسٹارز کی فلم کاسٹنگ کی خبروں نے مداحوں کو پرجوش کردیا۔
دلجیت دوسانجھ کے ساتھ ہانیہ عامر کے اسٹیج شیئر کرنے کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے دونوں کی فلم اسکرین شیئر کرنے کی خبروں نے مداحوں کی توجہ سمیٹ لی۔
یہ افواہیں بھارت سے سفر کرتے ہوئے پاکستان پہنچیں تو سوشل میڈیا صارفین ’کبھی میں کبھی تم‘ کی شرجینا کو ‘جٹ ایند جولیٹ‘ کے فتح سنگھ کے ساتھ آن اسکرین دیکھنے کیلئے اپنی خوشی کا اظہار کرتے نظر آئے۔
پاکستانی انٹرٹینمنٹ چینل کی جانب سے حال ہی میں اداکارہ ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی فلم کے حوالے سے جاری کی جانے والی ایک انسٹاگرام پوسٹ وائرل ہوگئی۔
پوسٹ کے کیپشن کے مطابق ‘ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی بالی وڈ میں روم کوم فلم کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں جسے مداحوں سے فی الحال چھپایا جارہا ہے‘۔
انسٹاگرام پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ ‘دلجیت دوسانجھ نے اپنے لندن کنسرٹ کے دوران ہانیہ کو اسٹیج پر مدعو کیا جسکی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ پر دونوں اسٹارز کی کیمسٹری نے مداحوں کو پرجوش کیا اور یہی وجہ ہے کہ دونوں اسٹارز جلد ہی ایک رومانٹک کامیڈی فلم میں نظر آنے والے ہیں‘۔
پوسٹ میں مداحوں کو بتایا گیا کہ ‘اگرچہ ابھی تک ان قیاس آرائیوں کے حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے لیکن چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ دونوں اداکار فلم کے لیے بات چیت کر رہے ہیں جس کے نیتجے میں آخرکار بالی وڈ اور پاکستان کا وہ اشتراک دیکھنے کو مل سکتا ہے جس کا سب انتظار کر رہے تھے‘۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اداکارہ ہانیہ عامر کی جانب سے اپنی سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام پر اپلوڈ کیا جانے والا بولڈ فوٹوشوٹ صارفین کی توجہ کا مرکز بنا تھا۔
پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں مداح اداکارہ کی جانب سے اپنائے جانے والے اِس سزلنگ ہاٹ لُک کو بالی وڈ ڈیبیو سے بھی جوڑتے نظر آرہے تھے۔