کراچی:پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن (پی جے سی اے) سندھ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اشتراک اور قونصل خانہ جاپان کراچی کی سرپرستی میں 37 واں سالانہ اردو ہائیکو مشاعرہ کامیابی سے منعقد کیا۔ یہ باوقار تقریب آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے حسینہ معین ہال میں منعقد ہوئی۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر، محترم محمد احمد شاہ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پی جے سی اے سندھ کا شکریہ ادا کیا کہ دیرینہ تعلقات اور باہمی تعاون کے پیش نظر انہیں مشاعرے کی صدارت کے لیے مدعو کیا گیا، تاہم مشاعروں کی روایت کا احترام کرتے ہوئے انہوں نے صدارت سینئر شاعر محترم جمال نقوی کے سپرد کر دی اور فرمایا کہ کسی بھی مشاعرے کی صدارت صرف ایک شاعر کو ہی کرنی چاہیے۔
معزز قونصل جنرل جاپان، جناب ماسارو ہتتوری نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز جناب سلیم احمد کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔
پی جے سی اے کی صدر، محترمہ سعدیہ راشد نے حاضرین کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور اردو ہائیکو مشاعرے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے پاکستان اور جاپان کے درمیان ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے کا ذریعہ قرار دیا۔
قونصل جنرل جاپان، جناب ماسارو ہتتوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر اس مشاعرے میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاپانی اور پاکستانی ادبی روایات کے خوبصورت امتزاج کو سراہا اور 1980 کی دہائی سے پاکستان میں ہائیکو کے فروغ میں جاپانی قونصل خانے کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے محترم عظمت اتاکا اور پی جے سی اے کے دیگر اراکین کی مسلسل خدمات کو سراہتے ہوئے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا بھی شکریہ ادا کیا، جو جاپانی ثقافتی پروگراموں جیسے جاپان فیسٹیول اور جاپانی فلم فیسٹیول کے انعقاد میں تعاون فراہم کرتا ہے۔
پی جے سی اے کے 37 ویں سالانہ مشاعرے کی ایک خاص بات معروف جاپانی شاعرہ ناکامورا تیجو کے منتخب ہائیکو کا منظوم اردو ترجمہ تھا، جسے معروف شاعر محترم شہزاد نیاز نے انجام دیا۔ انہوں نے شاعرہ کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے ان کے منتخب ہائیکو کے منظوم اردو تراجم پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
اس کے بعد باقاعدہ ہائیکو مشاعرے کا آغاز ہوا، جس میں ممتاز شعرائے کرام نے شرکت کی، جن میں محترم ڈاکٹر جمال نقوی، محترم یاسر چغتائی، محترم اختر سعیدی، محترم سید معراج جامی، محترم سید انور جاوید ہاشمی، محترمہ وضاحت نسیم، شاداب احسانی، محترمہ نسیم نازش، محترمہ زیب النساء زیبی، محترمہ شاہدہ اسرار، محترم شہزاد نیاز، محترمہ روبینہ تحسین بینا، محترم شاعر علی شاعر، محترم ندیم نقوی، محترمہ افروز رضوی، محترم طاہر عظیم، محترمہ حمیدہ کشش، محترمہ سحر علی، محترمہ شازیہ عالم شازی، ڈاکٹر عبدہ گھانگرو، محترمہ ناہید عزمی، محترمہ صدف بنتِ اظہار، محترم کازونوری ماتسودا، محترم سرور شامال، سید محمد شاہد، محترم شاہ فہد اور محترم شوکت کمال چیمہ شامل تھے۔
مشاعرے کی ایک منفرد اور دلکش خصوصیت محترم شہزاد نیاز اور ڈاکٹر عبدہ گھانگرو کی سرائیکی اور سندھی زبان میں پیش کی گئی ہائیکو تھی، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔
اختتام پر، محترم محمد احمد شاہ نے پاکستان اور جاپان کے درمیان ماضی میں ہونے والے علمی، ادبی اور ثقافتی اشتراک پر روشنی ڈالتے ہوئے پی جے سی اے سندھ، قونصل خانہ جاپان کراچی اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے مابین مضبوط تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اس طرح کی تقریبات کے لیے آرٹس کونسل کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
سینئر شاعرہ محترمہ وضاحت نسیم نے نظامت کے فرائض نہایت عمدگی سے انجام دیے۔ حاضرین نے پی جے سی اے سندھ، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور قونصل خانہ جاپان کراچی کو اس شاندار ادبی تقریب کے انعقاد پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا، جو پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی کے فروغ میں معاون ثابت ہوئی۔