پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں موجود معروف اداکار عدنان صدیقی ناقص انتظامات پر پھٹ پڑے۔
پاکستان کی میزبانی میں 29 سال بعد آج 19 فروری بروز بدھ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ’چیمپئنز ٹرافی 2025‘ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا جسے دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد سمیت عدنان صدیقی بھی اسٹیڈیم پہنچے۔
عدنان صدیقی نے اپنے انسٹاگرام پر وی آئی پی انکلوژر کی ویڈیو شیئر کی اور طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’اسلام علیکم دوستو! میں آیا ہوں یہاں اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کیلئے، اب مجھے یہ بتائے کہ اتنا مہنگا ٹکٹ لیکر آپ کے سامنے اتنا بڑا شیڈ اور گرلز ہوں تو آپ کو کیا نظر آئے گا؟ گھنٹہ‘
اسٹیڈیم اور انکلوژر کے درمیان فاصلے پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ’دوسری زبردست بات بتاؤں آپ کو؟ ایسا لگ رہا ہے کہ میں دبئی میں بیٹھ کر میچ دیکھ رہا ہوں، اتنا دور ہے‘۔
ایک جانب اسٹیڈیم میں تماشائیوں کیلئے نصب نشستوں کی کئی قطاریں خالی نظر آنے پر سوشل میڈیا صارفین کراچی کے شہریوں پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔
تو دوسری جانب عدنان صدیقی کی طرح اسٹیڈیم میں موجود دیگر کرکٹ شائقین اسٹیڈیم کی تعمیرنو کے باوجود ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے جدید اور عالمی معیار کے مطابق حال ہی میں تعمیرنو کیا گیا تھا۔
پی سی بی چئیرمین محسن نقوی کی ذاتی نگرانی میں ہونے والی تعمیر و تزئین کا کام محض 120 دن میں مکمل کیا گیا تھا۔
اس اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا آغاز 28 ستمبر 2024 کو کیا گیا تھا اور انتھک محنت، شب و روز کی لگن اور اعلیٰ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے 31 جنوری کو اس کا کام مکمل کر لیا گیا۔