پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو برطانیہ کی پارلیمنٹ میں ان کی شاندار فنی خدمات کے اعتراف میں ’ریکوگنیشن ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔
پاکستانی فلم ‘جانان’ سے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے والی ہانیہ عامر کی دوسری فلم ‘نامعلوم افراد ٹو’ ثابت ہوئی جو ایک سپر ہٹ فلم تھی۔
انیہ عامر کے مشہور ڈراموں میں ‘تتلی’ ، ‘دلربا’ ، ‘عشقیہ’ ، ‘سنگِ ماہ’ ، ’میرے ہمسفر‘ ، ‘مجھے پیار ہوا تھا’ اور ’کبھی میں کبھی تم‘ شامل ہیں البتہ ہانیہ عامر کے اب تک کے تمام ڈراموں میں سب سے زیادہ سپر ہٹ ‘کبھی میں کبھی تم’ ثابت ہوا جس کے بعد دوسرا نمبر ‘میرے ہمسفر’ کا ہے۔
ہانیہ عامر پاکستان میں شہرت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ گزشتہ چند سالوں میں دنیا بھر میں پہچانی جانے لگی ہیں جس کی وجہ انکے ڈراموں کے علاوہ انکا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہے جس پر وہ مزاح سے بھر پور کانٹینٹ شیئر کرتی رہتی ہیں۔
ہانیہ عامر جو انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی پاکستانی ہیں اب ایک نیا اعزاز حاصل کرچکی ہیں جو انہیں پاکستان میں نہیں بلکہ برطانیہ میں ملا۔
ہانیہ عامر کو برطانیہ کی پارلیمنٹ میں ان کی شاندار فنی خدمات کے اعتراف میں ’ریکوگنیشن ایوارڈ’ سے نوازا گیا اور یہ اعزاز انہیں پاکستان کی ثقافت اور فنی دنیا میں ان کے نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے دیا گیا۔
ہانیہ عامر کو ایوارڈ کی تقریب کے دوران پارلیمنٹ کے اراکین نے خراج تحسین پیش کیا اور ان کی محنت اور کامیابیوں کو سراہا۔
ہانیہ عامر نے اس ایوارڈ کو اپنے وطن پاکستان اور اس کے عوام کے نام کیا اور اس اعزاز کو اپنی ٹیم اور مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
سوشل میڈیا پر اس خاص دن کی متعدد ویڈیوز زیرِ گردش ہیں جن میں ہانیہ عامر کے چہرے پر نظر آنے والی خوشی دیدنی ہے۔
ایک ویڈیو میں ہانیہ عامر کے لیے جب تعریفی کلمات ادا کیے جارہے تھے تو انہوں نے وہ سننے کے بعد کہا کہ ‘اتنی تعریفیں کبھی نہیں سنیں اپنی’ اور ہنسنے لگیں جس کے بعد کہا کہ ‘بس یہی خواہش ہے کہ ‘پاکستان کا نام اسطرح روشن کریں اور بس انٹرٹین کرتے رہیں’۔
اس ایوارڈ کی تقریب میں مختلف عالمی شخصیات بھی شریک ہوئیں جنہوں نے ہانیہ عامر کی فنی خدمات اور ان کے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر ان کی تعریف کی۔
ہانیہ عامر کی اس کامیابی پر مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یہ ایوارڈ ہانیہ کی کامیابیوں کا ایک اور سنگ میل ہے جس نے انہیں عالمی سطح پر مزید شہرت بخشی ہے۔