لاہور: آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کا میلہ آج سے لاہور میں سجے گا جس میں پاکستان کوالیفائنگ رائونڈ کے پہلے میچ میں آئرلینڈ سے مدمقابل ہوگی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں میچ صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگا۔ایونٹ میں میزبان پاکستان کے علاوہ ویسٹ انڈیز‘ بنگلہ دیش ‘ آئرلینڈ ‘ سکاٹ لینڈ اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شریک ہیں۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی قیادت کپتان فاطمہ ثنا کریں گی۔ پاکستانی ویمن ٹیم 11اپریل کو دوسرے میچ میں سکاٹ لینڈ،14 اپریل کو تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز 17 اپریل کو چوتھے میچ میں تھائی لینڈ جبکہ19 اپریل کو پانچواں اور آخری میچ میں بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گی۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائرز کے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیشی ویمن ٹیم نے پاکستانی ویمن اے کو167رنز سے ہر ادیا ۔
مہمان ٹیم کی کھلاڑی نگار سلطانہ نے 70، فرزانہ حق نے 50 اور جنت الفردوس نے 46 رنز بنائے۔پاکستانی ویمن اے کی ام ہانی اور وحیدہ اختر نے 3، 3 جبکہ تانیہ سعید نے 2 وکٹیں لیں۔جواب میں پاکستان ویمنز اے ٹیم39.1اوورز میں 109رنز پرآئوٹ ہوگئی ۔ صرف تین کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکیں ۔ دعا مجید 32اور ام ہانی 26رنز بناکر نمایاں رہیں ۔ معروفہ اختر ‘ربیعہ خان اور فہیمہ خاتون نے دو ‘دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔