اسلام آباد: ماہرین موسمیات نے خبردار کر دیا، عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے سبب کراچی کا موسم سنگین خطرات کی زد میں.
تفصیلات کے مطابق، عالمی سطح پر جاری موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث کراچی کا موسم تیزی سے بگڑ رہا ہے۔ ہر گزرتے سال شہر کا درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے، جس کے اثرات واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، 2015 سے اب تک کراچی میں گرمی کے متعدد ریکارڈز ٹوٹ چکے ہیں، جبکہ پچھلے دس برسوں کے دوران شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ عالمی اوسط کے مقابلے میں دس گنا زیادہ رہا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے سالوں میں کراچی کو مزید شدید ہیٹ ویوز کا سامنا ہو سکتا ہے۔ گزشتہ دہائی میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اور باعثِ تشویش اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو آنے والے وقت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
سال 2015 میں شدید گرمی کی لہر کے دوران درجہ حرارت 44.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا تھا، جبکہ ہیٹ انڈیکس خطرناک حد پار کرتے ہوئے 66 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔
اسی نوعیت کی شدید گرمی 2024 میں بھی دیکھی گئی۔ ماہرین کے مطابق 1960 سے اب تک کراچی کے اوسط درجہ حرارت میں مجموعی طور پر 2.25 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہوا، یعنی ہر دہائی میں تقریباً 0.38 ڈگری کا اضافہ، جو عالمی درجہ حرارت کے مقابلے میں دس گنا زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رات کے وقت درجہ حرارت میں 2.4 اور دن کے وقت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ہو چکا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی کو مستقبل میں بھی شدید گرمی کی مزید لہروں کا سامنا رہے گا، جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی، کنکریٹ کے پھیلاؤ اور درختوں کی مسلسل کمی اس صورتحال کو مزید سنگین بنا رہے ہیں۔