پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ایک روزہ مندی کے بعد منگل کو مثبت رجحان واپس آگیا جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
دوپہر 12 بجکر 45 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای انڈیکس 1,619.05 پوائنٹس یا 1.17 فیصد اضافے سے 139,836.63 پوائنٹس پر جاپہنچا۔
اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی جن میں کمرشل بینکس، سیمنٹ، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری شامل ہیں۔ ماری، اوجی ڈی سی ، پی پی ایل، پی او ایل، پی ایس او، ایس این جی پی ایل، حبکو، ایم سی بی اور ایم ای بی ایل مثبت زون میں دکھائی دیے۔
پیر کو اسٹاک ایکسچینج نے نئے ہفتے کا آغاز اتار چڑھاؤ کے ساتھ کیا۔ مندی کی بڑی وجہ سرمایہ کاروں کی جانب سے جولائی کے اختتام سے قبل منافع سمیٹنے کا رجحان اور ایک مسلسل ریکارڈ توڑ تیزی کے بعد احتیاطی رویہ تھا۔
پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس 379.78 پوائنٹس یا 0.27 فیصد کی کمی سے 138,217.58 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بین الاقوامی سطح پر منگل کو ایشیائی اسٹاک مارکیٹس نے چار سال کی بلند ترین سطح کے قریب اپنی پوزیشن برقرار رکھی جس کی وجہ وال اسٹریٹ کا ریکارڈ سطح پر بند ہونا اور آنے والی کارپوریٹ آمدنی رپورٹس کی توقعات تھیں۔ اسی دوران سرمایہ کار امریکہ اور اس کے تجارتی شراکت داروں کے درمیان ٹیرف مذاکرات کا بھی جائزہ لیتے رہے۔
جاپانی حصص مارکیٹ نے کاروبار کے آغاز پر مختصر طور پر چھلانگ لگائی، جس کے بعد معمولی اضافے کے ساتھ ٹریڈنگ جاری رہی جبکہ بانڈ مارکیٹ میں کوئی خاص ردعمل دیکھنے میں نہیں آیا کیونکہ انتخابی نتائج پہلے سے ہی قیمتوں میں شامل سمجھے جا رہے تھے اور وہ سرمایہ کاروں کے خدشات کے مقابلے میں کم مایوس کن تھے۔ ین نے پیر کو 1 فیصد کی بحالی کی، پچھلے ہفتوں کے کچھ نقصانات کو پورا کیا اور منگل کو آخری اطلاعات کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں 147.46 پر مستحکم رہا۔
ایم ایس سی آئی کا جاپان کے سوا ایشیا پیسیفک حصص کا وسیع ترین انڈیکس ابتدائی ایشیائی اوقات میں اکتوبر 2021 کے بعد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد میں اس میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ یہ انڈیکس اس سال اب تک تقریباً 16 فیصد بڑھ چکا ہے۔
پیر کی رات، ایس اینڈ پی 500 اور نسڈیک نے ریکارڈ سطح پر بندش حاصل کی، جس کی وجہ الفابیٹ اور دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص میں اضافہ تھا، جب کہ اس ہفتے متعدد کارپوریٹ آمدن رپورٹس متوقع ہیں۔
سرمایہ کاروں کی توجہ یکم اگست کی آخری تاریخ سے قبل ٹیرف مذاکرات پر مرکوز ہے جب کہ یورپی یونین امریکہ کے خلاف ممکنہ جوابی اقدامات کے ایک وسیع تر دائرے پر غور کررہی ہے۔