لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے نوجوان کرکٹرز کو ایک دلچسپ مگر انتہائی مؤثر مشورہ دیتے ہوئے فٹنس بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس برقرار رکھنے کے لیے ضرورت سے زیادہ کھانے، خاص طور پر 36 نان جیسی غذاؤں سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کم خوراک استعمال کرنی چاہیے اور اپنی جسمانی صحت اور فٹنس کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اچھی فٹنس کا راز زیادہ مشقوں یا مہنگے جم پروگرامز میں نہیں بلکہ متوازن غذا اور خود پر قابو رکھنے کی عادت میں چھپا ہے، اور یہی اصول وہ خود بھی برسوں سے اپنی زندگی میں اپناتے آ رہے ہیں۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں فٹنس کا مسئلہ ایک طویل عرصے سے موجود ہے، اور حالیہ برسوں میں اس پر خاصی تنقید بھی کی گئی ہے۔ کچھ عرصہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سینٹرل کنٹریکٹ کے اجرا سے قبل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا عمل مکمل کیا تھا۔
پی سی بی کی پالیسی کے مطابق، کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ ان کی مجموعی کارکردگی کے ساتھ ساتھ جسمانی فٹنس کی بنیاد پر دیا جاتا ہے تاکہ قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔