صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کی شاندار 138 رنز کی اوپننگ شراکت کی بدولت پاکستان نے اتوار کو ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز اپنے نام کر لی۔
پاکستان نے پہلا میچ 14 رنز سے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ 2 وکٹوں سے ہار گیا تھا، جس کے بعد اتوار کی شب فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں فیصلہ کن میچ کھیلا گیا۔
ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کو صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کی زبردست بیٹنگ سے بھرپور فائدہ ملا۔
پاکستان نے 4 وکٹوں پر 189 رنز بنائے۔ فرحان نے 53 گیندوں پر 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، جبکہ صائم ایوب نے 49 گیندوں پر 66 رنز بنائے جن میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے اور وہ اننگز کے 19ویں اوور تک کریز پر موجود رہے۔
فرحان 17ویں اوور کی دوسری گیند پر شمر جوزف کی گیند پر ویسٹ انڈین کپتان شائی ہوپ کے ہاتھوں لانگ آف پر کیچ ہوئے۔
حسن نواز نے 15 رنز بنائے اور 18ویں اوور کی آخری گیند پر روما ریو شیفرڈ نے لانگ آف پر کیچ کیا، گیند روستن چیز کی تھی۔
انیس ویں اوور کے آغاز پر محمد حارث صرف 2 رنز بنا کر گڈاکیش موتی کے تھرو پر رن آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب 19ویں اوور کی آخری گیند پر جیسن ہولڈر کی گیند پر شیر فین ردرفورڈ کے ہاتھوں سویپر کور پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 190 رنز درکار تھے، اور انہوں نے حسن علی اور محمد نواز کے ابتدائی اوورز میں ہی 10 گیندوں پر 30 رنز بنا لیے۔
ویسٹ انڈیز کا پہلا نقصان 44 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب جیول اینڈریو 24 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں لانگ آن پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
صائم ایوب نے نویں اوور میں شائی ہوپ کو صرف 7 رنز پر آؤٹ کیا، جب ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے اب بھی 116 رنز درکار تھے۔
الک اتھناز 13 اوورز تک کریز پر رہے اور 60 رنز بنا کر خوشدل شاہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے، گیند صائم ایوب نے کرائی تھی۔ اس وقت ویسٹ انڈیز کا اسکور 110 تھا اور اسے 42 گیندوں پر 80 رنز درکار تھے۔
چیز 17ویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے اور ان کی جگہ آنے والے گزشتہ میچ کے آخری اوور کے ہیرو جیسن ہولڈر کو سفیان مقیم نے محض دو گیندوں بعد بغیر کوئی رن بنائے کلین بولڈ کر دیا۔ اس وقت ویسٹ انڈیز کو 16 گیندوں پر 41 رنز درکار تھے۔
ردرفورڈ نے میچ کے اختتام سے سات گیندیں قبل چھکا مار کر نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ 51 رنز پر آؤٹ ہو گئے اور ویسٹ انڈیز ایک اور آخری اوور میں جیت کی کوشش میں ناکام ہو گیا۔