فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سول سروسز کے سب سے بڑے امتحان سی ایس ایس 2026 کے انعقاد کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ امتحانات دو مراحل پر مشتمل ہوں گے، جن میں ابتدائی اور تحریری امتحانات شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں ایم سی کیوز پر مبنی ابتدائی ٹیسٹ، جسے ایم پی ٹی کہا جاتا ہے، منعقد کیا جائے گا۔ ایم پی ٹی کے لیے آن لائن درخواستوں کا پبلک نوٹس 10 اگست 2025 (اتوار) کو جاری کیا جائے گا۔
ایف پی ایس سی کے مطابق، ایم پی ٹی کے لیے درخواستیں 11 اگست سے 25 اگست 2025 تک وصول کی جائیں گی، جبکہ ایم پی ٹی کا امتحان 9 نومبر 2025 (اتوار) کو منعقد کیا جائے گا۔
دوسرے مرحلے میں تحریری امتحان شامل ہوگا، جس کے لیے آن لائن درخواستوں کا نوٹس 14 دسمبر 2025 (اتوار) کو جاری کیا جائے گا۔ امیدوار 15 دسمبر سے 30 دسمبر 2025 تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ تحریری امتحان کا انعقاد 4 فروری 2026 (بدھ) کو کیا جائے گا۔
ایف پی ایس سی نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ شیڈول محض ابتدائی اطلاع کے طور پر جاری کیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر اس میں رد و بدل کا حق محفوظ رکھا گیا ہے۔ کمیشن نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایف پی ایس سی کی آفیشل ویب سائٹ سے تازہ ترین معلومات باقاعدگی سے حاصل کرتے رہیں۔