پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان 2 سال بعد بھی پہلے دن کی طرح ڈٹ کر کھڑے ہیں، وہ کسی ڈیل سے نہیں عدالتی جنگ سے رہا ہوں گے، بانی پی ٹی ئی کے قائد تھے ہیں اور رہیں گے، پی ٹی آئی کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔
خیبرپختونخوا کے علاقے بونیر میں پی ٹی آئی کے 5 اگست کو احتجاج کے سلسلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 5 اگست کو عمران خان کو جیل میں 2 سال مکمل ہوں گے، بانی 2 سال بعد بھی پہلے دن کی طرح ڈٹ کر کھڑا ہے، بانی عوام جمہوریت اور قانونی کی حکمرانی کے لیے قربانی دے رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مسلسل عتاب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی آج بھی سب سے بڑی جماعت ہے، پی ٹی آئی کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان آج بھی اکثریت کے دلوں میں ہے اور رہے گا، عمران خان پی ٹی آئی کے قائد تھے ہیں اور رہیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن سب ملے ہوئے ہیں، یہ ملک ایسے نہیں چلے گا، پی ٹی آئی سے ممبرز چھین کر عمران خان اور پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، عمران خان کسی ڈیل سے نہیں عدالتی جنگ سے رہا ہو گا، پی ٹی آئی کارکن مایوس نہ ہو آزادی مل کر رہے گی۔