جنوبی وزیرستان کے علاقے لوئر وزیرستان میں واقع وانا بازار میں بم دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔
ضلعی پولیس افسر کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر وانا کے ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کی تلاش کی جا سکے۔
اس واقعے سے ایک روز قبل اپر جنوبی وزیرستان میں ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ وزیر کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا، تاہم وہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے تھے۔
جنوبی وزیرستان پولیس کے ترجمان شعیب محسود کے مطابق اپر جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا کے علاقے حبیب کوٹ اڈانہ کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے اُس وقت ڈی سی عصمت اللہ وزیر کی گاڑی کو نشانہ بنایا جب وہ لدھا سے مکین کی جانب جا رہے تھے۔ اس حملے میں ایک پولیس کانسٹیبل سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق گاڑی میں ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر برائے منصوبہ بندی و ترقی، پولیس اہلکار، اور مالیاتی منصوبہ بندی کے اے ڈی سی کے معاون موجود تھے۔