پاکستان سے متحدہ عرب امارات کو گوشت کی براہ راست سپلائی کا ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جسے پاکستانی کمپنی کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس معاہدے کی اطلاع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی باضابطہ طور پر فراہم کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، “دی آرگینک میٹ کمپنی” کو متحدہ عرب امارات میں گوشت کی فراہمی کے لیے منظور شدہ سپلائر کا درجہ حاصل ہو گیا ہے، جو کہ پاکستان کی برآمدی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق، کمپنی نے یو اے ای کی ایک معروف کمپنی کے “آپریشنل ایکسیلینس آڈٹ” میں 94.89 فیصد نمبر حاصل کیے، جس کے بعد اسے یو اے ای کے ایک بڑے گروپ کو براہ راست گوشت سپلائی کرنے کی اجازت دی گئی۔
مزید برآں، دی آرگینک میٹ کمپنی کو متحدہ عرب امارات میں واقع کیئر فور سپر مارکیٹ کی تمام شاخوں کے لیے بھی منظور شدہ سپلائر کی حیثیت مل گئی ہے۔
یہ معاہدہ پاکستان کے برآمدی شعبے، خاص طور پر حلال گوشت کی صنعت کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف زرِمبادلہ میں اضافہ متوقع ہے بلکہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی سطح پر ساکھ میں بھی بہتری آئے گی۔