ایشیا کپ 2025 کے آغاز سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ ایک اہم اور پیچیدہ مرحلے سے گزر رہا ہے، جہاں ٹیم سلیکشن حکام کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بورڈ کے سلیکٹرز اور مینجمنٹ نے اسکواڈ کی حتمی تشکیل کے لیے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے، اور توقع ہے کہ ٹیم کا اعلان 19 یا 20 اگست کو کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹیم کا اعلان کرنے سے پہلے تمام کھلاڑیوں کی مکمل فٹنس رپورٹس حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی انجری یا فٹنس مسائل سے بچا جا سکے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یشسوی جیسوال، سئی سدھرسن اور کے ایل راہول کو اس بار اسکواڈ میں شامل نہ کیا جائے۔
دوسری جانب، ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن کی ٹیم میں شمولیت تقریباً یقینی سمجھی جا رہی ہے، جبکہ شبمن گل کے بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ تیز گیند باز جسپریت بمرا کی واپسی ان کی فٹنس سے مشروط رکھی گئی ہے۔ ٹاپ آرڈر میں مستقل مزاجی کے ساتھ پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کی دستیابی نے بھی سلیکشن کمیٹی کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا، جس میں بھارت، پاکستان، عمان اور یو اے ای گروپ اے میں شامل ہوں گے۔