صرف دس سال کی کم عمر برطانوی بچی نے عالمی شہرت یافتہ گرینڈ ماسٹر کو شکست دے کر دنیا کو حیران کردیا اور شطرنج کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی وہ گرینڈ ماسٹر کو شکست دینے والی دنیا کی سب سے کم عمر خاتون کھلاڑی بن گئیں۔
اطلاعات کے مطابق لندن سے تعلق رکھنے والی بودھنا شیوانندن نے لیور پول میں ہونے والی برطانوی شطرنج چیمپئن شپ 2025 کے فائنل راؤنڈ میں ساٹھ سالہ تجربہ کار گرینڈ ماسٹر پیٹ ویلز کو شکست دی۔ یہ کامیابی انہوں نے صرف 10 سال، 5 ماہ اور 3 دن کی عمر میں حاصل کی۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ امریکا کی کیریسا یپ کے پاس تھا جنہوں نے 2019 میں 10 سال، 11 ماہ اور 20 دن کی عمر میں ایک گرینڈ ماسٹر کو شکست دی تھی۔
شیوانندن کی اس شاندار کامیابی کے بعد انہیں انٹرنیشنل ویمن ماسٹر کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے، جس نے ان کا نام شطرنج کی دنیا کے ابھرتے ہوئے ستاروں میں درج کرا دیا ہے۔