ایشیاء کپ 2025ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مقابلوں نے جہاں شائقین کے جوش و خروش کو دوگنا کر دیا ہے، وہیں اشتہارات اور اسپانسرشپ کے نرخ بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، پاک بھارت میچ کے دوران ٹی وی اشتہار کے نرخ آسمان کو چھو رہے ہیں۔ صرف 10 سیکنڈز کے اشتہار کی قیمت 16 لاکھ بھارتی روپے تک جا پہنچی ہے۔ اسی طرح کو-پریزنٹنگ پارٹنرشپ کا ریٹ 18 کروڑ بھارتی روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایسوسی ایٹ پارٹنرشپ کے لیے 13 لاکھ روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اشتہار کے پیکیج کی قیمت 4 کروڑ 48 لاکھ بھارتی روپے طے کی گئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈیجیٹل اشتہارات کے ریٹس بھی غیر معمولی طور پر بڑھ گئے ہیں۔ کو-پریزنٹنگ اور ہائی لائٹس پارٹنر کے حقوق 30، 30 کروڑ بھارتی روپے میں دستیاب ہیں، جبکہ کو-پاورڈ پیکیج کی قیمت 18 کروڑ بھارتی روپے رکھی گئی ہے۔ نشریاتی اداروں کو توقع ہے کہ اس بار ایشیاء کپ کی ویورشپ ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دے گی۔
ایشیاء کپ 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا، جہاں پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا بڑا ٹاکرا 14 ستمبر کو ہوگا۔ اگر دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچیں تو 21 ستمبر کو ایک اور مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ مزید یہ کہ اگر قسمت نے ساتھ دیا تو فائنل میں بھی پاک بھارت تیسرا ٹاکرا ممکن ہے، جو شائقین کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہوگا۔